منگلورو ، 16 / نومبر (ایس او نیوز) کل شام کے وقت کدری پولیس اسٹیشن کے سامنے پارک کی گئی کار اسٹارٹ کرتے وقت اچانک اس میں آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے کار پوری طرح تباہ ہوگئی ۔
بتایا جاتا ہے کہ ایک شخص نے تلپاڈی میں استعمال شدہ کاروں کے شو روم سے ماروتی رٹز کار خریدی تھی اور اس نے کدری پولیس اسٹیشن کے سامنے پارک کیا تھا ۔ پھر جب وہ وہاں سے نکلنے کے لئے کار اسٹارٹ کرنے لگا تو کار کے سامنے والے حصے سے آگ کے شعلے نکلے اور کار میں موجود افراد فوراً باہر آ گئے ۔ پھر چند منٹوں کے اندر پوری کار آگ کی لپیٹ میں آگئی ۔ کدری فائر سروس کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا ۔
خیال رہے کہ ایک ہفتے کے اندر سڑک پر کار میں آگ لگنے کا یہ دوسرا معاملہ ہے ۔ گزشتہ اتوار کے دن لیڈی ہِل علاقے میں پیٹرول پمپ کے قریب ایک ماروتی 800 میں آگ لگی تھی۔ اسی طرح ستمبر 2023 میں سورتکل این آئی ٹی کے کے پاس نیشنل ہائی وے 66 پر ایک بی ایم ڈبلیو کار جل کر خاک ہوئی تھی ۔ شہر کے اڈیار علاقے میں بھی اسی طرح بی ایم ڈبلیو کار جلنے کا واقعہ پیش آیا تھا ۔